|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2017

کوئٹہ:بلوچستان میں کرپشن کے مقدمے میں ایک اور اہم ملزم نیب کی گرفت میں آگیا۔ سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے پرنسپل اسٹاف آفیسرعمران گچکی کو گرفتاری کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔ نیب ترجمان کے مطابق نواب اسلم رئیسانی کے دور میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرعمران گچکی ناجائز اثاثہ جات بنانے کے الزام میں دو سال سے مطلوب تھے۔ 2015ء میں نیب نے ملزم کے اسلام آباد میں واقع گھر سے اٹھارہ کروڑ روپے مالیت کا سونا، ملکی و غیرملکی کرنسی اور جائیداد کے کاغذات برآمد ہوئے تھے۔ ملزم نے رشتہ داروں کے نام پر اسلام آباد کے بحریہ ٹاؤن میں دو بنگلے ، ایک پلاٹ ، بنی گلہ اسلام آباد میں ایک بنگلہ، مری میں ایک فلیٹ اور گوادر میں تین پلاٹس خرید رکھے تھے۔ نیب نے ناقابل تردید ثبوت ملنے پر 2016میں ملزم کے خلاف نیب عدالت میں ریفرنس بھی دائر کیا۔ ملزم عمران گچکی نے کیس کے اوائل میں بلوچستان ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی اور بعد میں عدالت عالیہ سے ضمانت کی منسوخی ہونے پر روپوش ہوگیا۔ نیب کے مطابق عمران گچکی نے منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہوکر گرفتاری دی۔ احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مستردکردی اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوادیا۔