|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ میں نادرا آفس میں تعینات سیکورٹی گارڈ نے شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں پر شدید تشدد کیا۔ اتفاقیہ گولی چل جانے سے پانچ شہری زخمی ہوگئے۔ پولیس نے سیکورٹی گارڈ کو گرفتارکرلیا۔ پولیس کے مطابق پیر کی صبح تقریباً دس بجے کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر واقع نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے صوبائی ہیڈکوارٹر دفتر میں شناختی کارڈ بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں کا انتہائی رش تھا۔ بے ہنگم ہجوم کنٹرول سے باہر ہوا تو سیکورٹی گارڈ شہزاد آپے سے باہر ہوگیا اور ریپیٹر بندوق کے بٹ سے شہریوں کو مارنے لگا ۔ اس دوران اچانک گولی چل گئی جس کے چھروں سے وہاں موجود پانچ شہری زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں عبدالصمد ولد نیک محمد بڑیچ سکنہ جتک اسٹاپ مشرقی بائی پاس کو دونوں ٹانگوں پر،عبدالولی ولد شیر علی بڑیچ سکنہ جتک اسٹاپ کو بازو پر ،محب اللہ ولد صوفی دوست محمد درانی سکنہ پشتون آباد عبدالولی چوک بازو پر ،حاجی احمد ولد عبدالرسول سیدخیل سکنہ کچلاک بائیں ٹانگ اورحاجی عبدالظاہر ولد حاجی ملا وزیر بازئی سکنہ رود ملازئی دونوں ٹانگوں پرچھرے لگنے سے زخم آئے ہیں۔ ایس پی قائدآباد غضنفر شاہ کے مطابق سیکورٹی گارڈ شہزاد کو گرفتار کرکے تھانہ انڈسٹریل منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے خلاف زخمی ہونیوالے شہری حاجی عبدالظاہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔