اوتھل: بیلہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب کا نوجوان جاں بحق ۔ ملزمان کو لیویز فورس نے نمی چیک پوسٹ پر دھر لیا ۔ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ ایس ایس پی لسبیلہ محمد انور کھیتران ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز بیلہ میں کھانٹا پل کے مقام پر شربت فروش آصف ولد امیر بخش اپنے ٹھیلے پر کھڑا شربت بنا رہا تھا کہ اچانک ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جسکے نتیجے میں شربت فروش آصف شدید ذخمی ہو گیا جسے فوری طور پر سول ہسپتال بیلہ لایا گیا جہاں پر اسے طبی امداد دی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ دیا ۔ مقتول کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے راجن پور سے بتایا جاتا ہے واقعے کی خبر ملتے ہی ایس ایس پی لسبیلہ محمد انور کھیتران ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل سے بیلہ پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور بیلہ کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کا حکم دے دیا تاہم لیویز فورس بیلہ نے نمی چیک پوسٹ سے ملزمان کو گرفتار کرکے آلہ قتل اور واقعے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بر آمد کرلی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ ایس ایس پی محمد انور کھیتران کے مطابق بیلہ میں قتل کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ جبکہ مقتول راجن پور پنجاب میں جعفر لاشاری نامی شخص کے قتل کے کیس میں ضمانت پر تھا۔ ایس ایس پی لسبیلہ نے لیویز فورس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری پر چیک پوسٹ نمی کے انچارج حوالدار عبدالخالق کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔