اسلام آباد: وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا حتمی فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کریں گے،اب تک کا فیصلہ ہے کہ فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔اتوار کے رور نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کریں گے،فائنل کے سیکورٹی پلان پر مشاورت جاری ہے،پنجاب حکومت سے رپورٹ وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم حتمی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ کام کیا ہے،2013ء کے مقابلے میں ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے،ماضی میں روز دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے اور خبر یہ ہوتی تھی کہ کریک دہشتگردی کا واقعہ نہیں ہوا،دہشتگردی کا مسئلہ35سال پرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،دہشتگردی سے اب تک 50سے 60ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں،دہشتگردی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا تب کامیابی ملے گی،دہشتگردی کے واقعات پر سیاست کرنا افسوسناک عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتیں وقت کی اہم ضرورت ہے،فوجی عدالتوں میں سیاسی مقدمات نہیں جائیں گے،صرف دہشتگردی کے مقدمات فوجی عدالتوں کو جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ صرف پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا تاثر غلط ہے،وزیراعظم نوازشریف کے دل میں تمام پاکستانی ہیں اور پاکستان میں بسنے والے وزیراعظم کے نزدیک تمام قومیتوں کے لوگ پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں وزیراعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے۔کیس میں وزیراعظم نااہل نہیں ہوں گے کیوں کہ 20کروڑ عوام نے ان کو منتخب کیا ہے اور وہ تیسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں،ڈان لیکس بارے رپورٹ تیار ہے جلد منظر عام پر آجائے گی