لسبیلہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہیکہ مردم شماری ملک کی ضرورت ہے لیکن تمام اکائیوں کو اعتماد میں لئے بغیر مردم شماری کرانا دانشمندانہ اقدام نہیں ہے بلوچستان کے قوم پرست جماعتوں کے جوتحفظات اور خدشات ہیں انھیں دورکرنا ضروری ہے اگلے دور میں ہماری جماعت پھر چاروں صوبوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی ،ان خیالات کااظہار انھوں نے بلوچستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر حب آمد کے موقع پر بزنجو ہاؤس میں ایم پی اے میر عبدالقدوس بزنجو کے کزن وآوران لیویز کے رسالدار بشیر بزنجو کی قتل کے سانحے پر بزرگ پارلیمنٹیرین میر عبدالمجید بزنجو سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کا یہ دورہ غیر سیاسی ہے بزنجو خاندان کے ساتھ پرانا تعلق رہا ہے اسی لئے آج تعزیت کیلئے بزنجو ہاؤس آئے ہیں انھوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے لوگوں کو روزگار تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے ہم نے اپنے دور حکومت میں بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی دورکرنے کیلئے پیکیج دیا ، ہماری دور حکومت کے بعد ہم نے جس حالت میں بلوچستان کو جہاں چھوڑاآج بھی اسی مقام پر ہے ہمارے بعد برسراقتدار آنے والوں نے یہاں کے عوام کی بہتری وفلاح بہبود کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے ،بلوچستان کے بہت سے مسائل ہیں پہاڑوں پر جانیوالے کسی نے رضاکارانہ طورپر سرینڈر نہیں کیا اور نہ انکی گھروں میں باعزت طریقے سے واپسی ممکن ہوئی ہے ،میاں صاحب کی حکومت کی خارجہ پالیسی کی کوئی منطق ہمیں سمجھ نہیں آتی ، جو حکومت چار سال تک منسٹری آف فارن افےئر کا تقرر نہ کرسکے وہ بھلا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی قووتوں کے سامنے پاکستان کا مؤقف کس طرح منوانے میں کامیاب ہوگی ،آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آج ہمارے ہمسایہ ملک میں ہندوستان کے قونصلیٹ کس لئے قائم ہیں اور ہندوستان ہمارے ہمسایہ ملک میں کیا کررہا ہے ،اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان تاریخی روایات کا امین رہاہے اورآصف علی زرداری چونکہ ایک بلوچ قبیلے کے سربراہ بھی ہیں ان کا یہ دورہ ایک قبیلے کے سربراہ کی حیثیت سے اہمیت کا حامل ہے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ آصف علی زرداری یہاں کے عوام کی محبتیں سمیٹ کر جائیں گے اورہمارے دادا آدم عبدالکریم بزنجو کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے رہا ہے اور ہماری بھٹو خاندان سے قربتیں کسی سے پوشید ہ نہیں ہیں ،قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری تعزیت کیلئے بزنجو ہاؤس پہنچے تو بزنجو قبیلے کے سربراہ سنئیر پارلیمنٹیرین میر عبدالمجید بزنجو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ، اور آصف علی زرداری کے اعزاز میں بزنجو ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ، پاکستان مسلم لیگ ن کے سنیٹر آغا شہباز درانی ،بی این پی عوامی کے سابق سینیٹر میر محمد علی رند، سابق ضلع ناظم کیچ میر عبدالرؤف رند ، میر زبیر رند، میرنواب خان رند، سابق سینیٹر وقوم پرست رہنما میر اسلم بلیدی ، رکن صوبائی اسمبلی سردار فتح محمد بلیدی ، سابق رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی ، کے علاوہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل آواران کے چےئرمین میر نصیر احمد بزنجو ، سابق وزیر مملکت غلام اکبر لاسی، صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی حاجی علی مدد جتک ،،پی پی پی کے ضلعی نامزد صدرکے علاوہ مختلف سیاسی رہنماؤں وسول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی ظہرانے میں شرکت کی ،