|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2017

خضدار : ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ سی پیک کے سلسلے میں براستہ خضدار ایم 8گوادر ونگو رتوڈیرو شاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔اس شاہراہ کے لنک ہونے سے آمدو رفت اور تجارت کے وسیع مواقع پیدا ہونگے اور گوادر کی ترقی کے لئے ایک اور تجارتی گزرگاہ کی سہولت میسرآئیگی۔یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں بڑے پراجیکٹس اور عوامی منصوبوں پر بڑی تیز ی کے ساتھ کام جاری ہے ان منصوبوں پر کام مکمل ہونے سے عوام کو استفادہ کابھرپور موقع میسر آئیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ ضلع خضدار کو بڑی اہمیت حاصل ہے کہ وہ گوادر و سی پیک کے لئے تجارتی مرکز اور جنکشن ثابت ہونے والا ہے ۔ خضدار اور اس کے قرب وجوار سے کئی شاہراہیں لنک ہونگی ۔این ایچ اے نے یقین دلایا ہے کہ وہ اگلے ایک دو ماہ تک ایم 8قومی شاہراہ کو لنک کرکے اس کی تعمیر مکمل کرکے اسے آمدو رفت کے لئے کھول دیگا ۔گزشتہ چند ماہ کے دوران ایم 8شاہراہ پر کام کی رفتار میں کافی تیزی لائی جائیگی۔خضدار میں سی پیک کے سلسلے میں صنعتی زون بن رہاہے جس سے بے روزگاری کے خاتمہ میں کافی حدتک مدد ملیگی ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ خضدار میں نوابزادہ میر سکند شہید یونیورسٹی بن رہی ہے ، وومن یونیورسٹی کیمپس اور میڈیکل کالج کے قیام سے بھی یہاں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ حکومت دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے او ر انشاء اللہ ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کو کسی بھی طرح مایوس نہ کریں اور انہیں زندگی کی سہولیات فراہم کریں۔