لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں حصہ لینے کے لیے لاہور آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کی شدید مخالفت کی تھی تاہم اب انہوں نے ایونٹ کے فائنل میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے کر ایک نیا محاذ کھول لیا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران عمران خان سے جب پی ایس ایل فائنل سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے، وہ تو یہاں ویسے بھی آجاتے، ایونٹ کے فائنل کے لیے اچھے کھلاڑیوں کو نہیں آنا تھا اور جو ‘پھٹیچر’ کھلاڑی ہیں، انھیں تو ویسے بھی آ جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے یہ ایسے ہی کسی کو پکڑ لے کر آئے، کسی کو افریقا سے لے آئے تو کسی کو کہیں اور سے، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے میں تو ان کے نام بھی نہیں جانتا، انھیں پیسے دیے جائیں تو وہ یہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بھی آجائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل کی ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور کرکٹ کے لیجنڈ کھلاڑی سر ویوین رچرڈز ہیں جب کہ فاتح ٹیم پشاور زلمے کے کپتان ڈیرین سیمی تھے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو مختصر ترین کرکٹ فارمیٹ میں دو مرتبہ عالمی چیمپئین بنوایا، اس کے علاوہ فائنل میں مارلن سیموئلز اور کرس جارڈن جیسے کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئے تھے۔