|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2017

انگلینڈ کے مشہور فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی زلاٹن ابراہیمووک پر حریف کھلاڑی بورنماؤتھ کے ٹائرون منگز کو کہنی مارنے پر تین میچوں کی پابندی عائد کردی گئی۔

سویڈن کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان ابراہیمووک نے گزشتہ سال بین الاقوامی فٹ بال سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد فرنچ کلب پیرس سینٹ جرمین کو بھی الوداع کہہ دیا تھا اور انگلش کلب سے منسلک ہوگئے تھے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ابراہیمووک اب ایف اے کپ کے کوارٹرفائنل میں چیلسی اور پریمیئرلیگ کے میچ میں مڈلسبرگ اور ویسٹ بروم کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

دوسری جانب ٹائرون منگز کو بھی قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے لیکن کلب کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑی کی سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔


مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورنماؤتھ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا—فوٹو: اے ایف پیمانچسٹر یونائیٹڈ اور بورنماؤتھ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا—فوٹو: اے ایف پی


مانچسٹریونائیٹڈ اور بورنماؤتھ کے درمیان ہفتے کو کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابر رہا تھا لیکن 23 سالہ منگز کھیل کے دوران ابراہیمووک کے اوپر گرے تھے جس پر انھوں نے کہنی مار دی تھی۔

جس کے بعد انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف اے) نے دونوں کھلاڑیوں کو سزا سنادی۔

قبل ازیں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی ماننے سے انکار کیا تھا تاہم ابرہیمووک کی جانب سے اعتراف کے بعد تین میچوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ابراہیمووک رواں سیزن میں 26 گول کے ساتھ مانچسٹریونائیٹڈ کے سرفہرست کھلاڑی ہیں تاہم وہ ایف اے کی جانب سے سزا کے باوجود یورپا لیگ میں روسی کلب کے خلاف کھیلنے کے اہل ہیں۔

مشہور اسٹرائیکر اس پابندی کے بعد 4 اپریل کو پریمیئرلیگ میں واپس آئیں گے۔