کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم اور ارسلاخان نے غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے کیسز میں نامزد 6میڈیکل سٹورز مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اورایک میڈیکل سٹور مالک کو 50ہزارروپے بطور ضمانت جمع کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ ایک اورمیڈیکل سٹور کے مالک پر فرد جرم عائد کردی گئی جس نے فرد جرم کو قبول کیا جس کے بعد ان کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمے میں نامزد نیو الفلاح میڈیکل سٹور ،اقبال میڈیکل سٹور پشتون آباد، عرفان میڈیکل سٹور پشتون آباد،خلیل میڈیکل سٹور سلیم کمپلیکس ،طارق اینڈ کمپنی جناح روڈ ،احمد میڈیکل سٹور پشتون آباداورالسیف میڈیکل سٹور کے کیسز کی سماعت ہوئی اس موقع پر عدالت نے نیو الفلاح میڈیکل سٹور کے محمدوقاص ،اقبال میڈیکل سٹور کے علی احمد ،عرفان میڈیکل سٹور کے محمدعرفان ،خلیل میڈیکل سٹور کے محمدفیاض ،طارق اینڈ کمپنی کے محمدطارق محمود ،احمدمیڈیکل سٹور کے عبدالغنی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اور ہدایت کی کہ ملزمان کو گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیاجائے جبکہ عدالت نے الشفاء میڈیکل سٹور مسجد روڈ کے محمدعثمان کو 50ہزارروپے بطور ضمانت جمع کرنے کی بھی ہدایت کی اس کے علاوہ عدالت نے السیف میڈیکل سٹور کے مقدمے میں نامزد ملزم پر فرد جرم عائد کردی جس سے اس نے قبول کیا بعد ازاں مقدمے کافیصلہ محفوظ کرلیاگیا جس سے 13مارچ کو سنائے جانے کاامکان ہے ۔واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے غیر معیاری اور جعلی ادویات کی خرید وفروخت میں ملوث افراد اور ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے ،ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے حکام کاکہناہے کہ اب تک صوبے میں 70سے زائد ادویہ ساز کمپنیوں کی ادویات غیر معیاری ثابت ہوئے ہیں بلکہ 100سے زائد میڈیکل سٹورز کے خلاف کیسز بھی ڈرگ کورٹ کو بھجوادئیے گئے ہیں جن کی سماعت کاسلسلہ جاری ہے ۔