کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وا مان کی صورتحال کی بہتری کا سہرا پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے جس کا کریڈٹ قوم پرست جماعتیں لینے کی ناکا م کوشش کررہی ہیں ، موجودہ حکومت کی خارجہ و داخلہ پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئے گی تو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے گی ،پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،این ایف سی ایوارڈاوربے نظیرانکم سپورٹ پروگرام دیا جس سے آج چھوٹے صوبوں کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،حاجی اشرف کاکڑ،ملک عبدالحمید کاکر،سردارزادہ عبدالصمد گورگیج ،عبدالسلام آغااور دیگر نے سید سید آغا ظہور شاہ ایڈؤوکیٹ ،ڈاکٹر ساجد سمالانی ،نویدا حمد ،مرتضیٰ خان ،اورنگزیب ،گل حسن ،عبدالستار اچکزئی ،آغا شاہد مشوانی ،عبدالوہاب اچکزئی،عبدالسلام ،عبدالمنان ،پریم کماراور دیگر کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر سریاب روڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب میں ،سردار سرور خان سلیمان خیل ، ثناء اللہ جتک،پرنس محی الدین ،شہزادہ کاکڑ، منور لانگو،حفیظ مینگل ،در محمد ہزارہ ، چوہدری شان سلامت،عبدالباری موسیٰ خیل ،ندیم آفریدی اور دیگر بھی موجود تھے۔اس سے قبل سید آغاظہور شاہ ایڈؤوکیٹ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر آصف علی زردا ری،صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک،سید اقبال شاہ اور سردارسربلند جوگیزئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے میں حکمرانوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہے کمانڈر سدن کمانڈ کی قیادت میں پاک فوج ،ایف سی اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے امن وا مان کی صورتحال کی بہتری کا سہرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سر جاتا ہے لیکن قوم پرست جماعتیں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خاص کر سریاب کے عوام نے قوم پرستانہ سیاست کو خیرآباد کہتے ہوئے پاکستان پرستی کی سیاست کو زندہ باد کہہ دیا ہے 2013ء کے انتخابات میں قوم پرستی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے آج تک اپنے حلقے کے عوام کا حال تک نہیں پوچھا کوئٹہ شہر کھنڈرات کا ڈھیر بن چکا ہے چار سال کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کی وجہ سے 67سال سے یہاں کے لوگ درپدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ انسانیت کا نعرہ لگایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج لوگ جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کی کامیابی سے بلوچستان میں ترقی کی نئی شاہراہیں کھلیں گی لیکن انڈیا اور ملک دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ گوادر سی پیک منصوبہ کامیاب ہو اس لئے انہوں نے وکلاء ،ایف سی ،پولیس اور عام شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر شہید کیا لیکن ہم انہیں بتادیناچاہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن عوام کے ساتھ ملکر گوادر سی پیک کو ہرصورت کامیابی سے ہمکنار کریگی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی داخلہ اور خارجہ پالیسیاں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہیں آج ہمسایہ ممالک ایران اورافغانستان کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں انشاء اللہ جب بھی پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیابی حاصل کرکے بلوچستان سمیت چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائی گی ۔حاجی علی مددجتک نے سیدآغا ظہور شاہ ایڈووکیٹ اورانکے ساتھیوں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔ صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے غربت ،جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اوراور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو جب پاکستان آرہی تھیں تو انہیں کہا گیا کہ آپ پاکستان نہ جائیں آپکی جان کو خطرہ ہے لیکن شہید اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی خاطر پاکستان آئیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا عوام کو چاہئے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ استعمال سوچ سمجھ کر کریں گے کیونکہ ووٹ عوام کی تقدیر بدل دیتا ہے۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو پارٹی نے بلا رنگ و نسل خواتین ،مزدوروں اور عوام کی خدمت کی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں ہزاروں کی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا لیکن موجودہ دور حکومت میں کسی بھی پڑھے لکھے نوجوان کو روزگار فراہم نہیں کیاگیا بلکہ سرکاری ملازمتیں سرعام فروخت ہورہی ہیں جس کی پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دور اقتدار کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس سے لاکھوں کی تعداد میں غریب خواتین اور مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رواں سال کے دوران دوبارہ سروے شروع کیا جائے گا جس میں پیپلز پارٹی کے کارکن غریب اور مستحق افراد کا اندراج کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ موجودہ حکمرانوں کے خلاف آنے والا ہے اور انتخابات 2018ء کی بجائے اسی سال ہونگے جس میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی انہوں نے سید آغاظہور شاہ ایڈؤوکیٹ اورانکے ساتھیوں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے سریاب میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔حاجی اشرف کاکڑملک عبدالحمیدکاکڑسردارزادہ صمد خان گورگیج ،عبدالسلا م آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کے غریب اور مڈل کلاس طبقے کی جماعت ہے عوام کی جوق درجوق شمولیت سے پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہورہی ہے پیپلز پارٹی نے دور حکومت میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،این ایف سی ایوارڈ اور گوادر سی پیک کا تحفہ دیا لیکن موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مایوسی اورمہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک اور خاص کر بلو چستان سے نفرت کی سیاست کے خاتمہ کرکے عوام کوا یک پلیٹ فارم پرمتحد کر نے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے انشاء اللہ اس میں ضرور کامیابی حاصل کریگی۔