|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے صوبے بھر نادہندہ صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ کیاہے ۔ اس سلسلے میں کوئٹہ سمیت صبوے مختلف علاقوں میں سینکڑوں کنکشنز منقطع کر دیئے گئے ہیں۔ کیسکو ترجمان کے مطابق کیسکونے تمام سرکاری ونجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم کاآغاکردیاہے جس کے تحت تمام نادہندگان کے بجلی کنکشنزفوری طورپر منقطع کردئیے جائیں گے اوراس سلسلے میں پہلے ہی تمام نادہندگان کو نوٹسز بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں لیکن تا حال نا دہندگان کی جا نب سے ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔لہٰذا کیسکونے صوبہ میں موجودتمام سرکاری، نجی نادہندگان کے بجلی کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کرناشروع کردئیے ہیں جو اب تک اپنے ذمہ بقایاجات کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوسینٹرل سرکل (کوئٹہ ) کے تحت ٹیموں نے صوبائی دارالحکومت میں بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کے حامل سرکاری اداروں کے کنکشنز منقطع کردئیے جن میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے36، واسا کے32، محکمہ پولیس کے 2کنکشنز، محکمہ تعلیم کے13،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے4،محکمہ جنگلات کے6کنکشنزشامل ہیں ۔اسی طرح کیسکولورلائی سرکل کے تحت سپرنٹنڈنگ انجینئر کی سربراہی میں کیسکوٹیموں نے پراجیکٹ ڈائریکٹرکیڈٹ کالج، ایگریکلچرل فارم،پولیس لائن لورلائی، بی آر پی بارکھان اور ایریگیشن قلعہ سیف اللہ کے کنکشنزعدم ادائیگی پر کاٹ دیئے گئے۔علاوہ ازیں کیسکوپشین آپریشن سرکل کی ٹیموں نے سپرنٹنڈنگ انجینئراورایکسئن کی زیرنگرانی نادہندہ سرکاری محکموں کے کنکشن عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے جن میں پشین کالج ہاسٹل، ماڈل ہائی سکول،ڈگری کالج کے کنکشنزاورلیویز لائن چمن کسٹم ہاؤس، بارڈرچمن،گورنمنٹ ہائی سکول چمن،ایکسیئن بی اینڈآر چمن،میونسیپلٹی چمن کے کنکشنزشامل ہیں۔دریں اثناء کیسکو خضدارسرکل کی ٹیموں نے بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی کی اور خضدار، قلات، مستونگ اور نوشکی میں پی ایچ ای، زراعت،ایریگیشن، لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے نیز اس دوران کیسکومکران اورسبی آپریشن سرکلزمیں بھی کیسکوٹیموں نے گوادر، تربت، سبی،ڈیرہ مراد جمالی اور جھل مگسی کے علاقوں میں متعددسرکاری و نجی نادہندہ صارفین کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوخضدارسرکل میرمجیب مری کی سربراہی میں ایکسئن سید آصف شاہ اورایس ڈی اوز کی نگرانی میں کیسکوٹیموں نے 2دنوں کی کارروائی میں کانک، کردگاپ، چشمہ دولئے، مستونگ، کھڈکوچہ قلات،خالق آبادمنگوچر خضدار اور سوراب کے علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کارروائی جس کے دوران عدم ادائیگی پر 60 ٹرانسفارمرز اُتاردئیے گئے ۔ کیسکو ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت کے وہ تمام ذیلی محکمے جو کیسکوکے نا دہندہ ہیں اُن میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ2ارب35کروڑ60لاکھ روپے سے زائد،بلوچستان ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ ایک ارب 6کروڑروپے سے زائد، بلوچستان پولیس 291ملین روپے سے زائد،بلوچستان لوکل اینڈرورل ڈیولپمنٹ 104ملین روپے، بلوچستان کمیونیکنش اینڈورکس 79ملین روپے، بلوچستان ڈپٹی کمشنرز 220ملین روپے سے زائد،بلوچستان جیل اینڈکنویکٹ 22ملین روپے، بلوچستان ایگری کلچر74ملین روپے، بلوچستان فوڈڈیپارٹمنٹ تقریباً27 ملین روپے،ایری گیشن اینڈپاور 27ملین روپے، بلوچستان بلڈنگز49ملین روپے،بلوچستان کمشنرز86ملین روپے، فشریز ڈیپارٹمنٹ بلوچستان 23ملین روپے، سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ 34ملین روپے، محکمہ صحت کے ذمہ 687ملین روپے ،میونسپل کارپوریشن کوئٹہ 24ملین روپے ، میونسپل کمیٹی لورالائی 46ملین روپے ، ٹاؤن کمیٹی ڈیرہ اللہ یار 25ملین روپے، ٹاؤن کمیٹی گوادر31ملین روپے اور ڈسٹرکٹ کونسل گوادرکے ذمے 66ملین روپے کے بقایاجات شامل ہیں۔ اِس وقت صوبہ میں وفاقی حکومت کے ذیلی محکمے جو کیسکوکے نا دہندہ ہیں اُن میں فیڈرل شریعت کورٹ کے ذمہ60لاکھ روپے، الیکشن کمیشن 70لاکھ روپے، محکمہ نادار 32ملین روپے، پاکستان پوسٹ آفسز 74ملین روپے، میٹرولوجیکل 11ملین روپے، سینٹرل ایکسائز کسٹم 22ملین روپے ،پلانٹ پروٹیکشن 13ملین روپے اورپاک ٹیلی کام کے ذمہ 81ملین روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔کیسکوبذات خودبجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے جوبغیرادائیگی کرنے والے کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی ۔صارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کرے جو صرف اورصرف تمام صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کی صورت میں ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو اپنے تمام نادہندہ صارفین خصوصاً زرعی صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادابقایاجات فوری طورپراداکریں۔