|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں دستی بم دھماکے میں دو ایف سی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ گوادر میں پل کو دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق اتوار کی شام تقریبا چار بجے کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت میں سینما چوک پر واقع ایف سی کی چوکی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ دستی بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے دو اہلکار اور دو راہ گیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں حوالدار نذیر احمد، سپاہی زمان، ٹرانسپورٹ کمپنی کا منشی نصیر احمد ولد پھلن سکنہ تربت، جیسار ولد محمد بخش سکنہ دشتی بازار تربت اور احسان ولد یاسین سکنہ تربت شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت پہنچایا گیا جہاں زخمی نصیر احمد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ ادھر اتوار کی علی الصبح گوادر کے علاقے سربندر میں کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم افراد نے ایک پل کے نیچے بم نصب کرکے دھماکا کیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل تباہ ہوگیا اور پل پر ہر قسم کی آمدروفت معطل ہوگئی۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا دو ٹینک شکن بارودی سرنگوں کو پرائما کارڈ کے ذریعے جوڑ کر کیا گیا۔ تلاشی کے دوران جائے وقوعہ سے مزید چھ سے سات کلو وزنی ایک دیسی ساختہ بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا،حب پولیس نے انڈسٹریل کے تھانے سے جھاڑیوں سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد کر لی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی جس کی شناخت محمد عرفان کے نام سے کی گئی نامعلوم افراد نے اس سے قتل کر کے لاش جھاڑیوں میں پھینک دی تھی مزید کا رروائی حب پولیس کر رہی ہے۔