خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے قائد سینیٹر میر اسراراللہ خان زہری نے کہاہے کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ قوم پرست جماعتیں تفرقہ بازی اور رسی کشی سے بالاتر ہو کر بلوچ عوام کے حقوق اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے جدوجہدکریں۔اس حوالے سے قوم پرست جماعتوں پربڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق کی پیروی کرتے ہوئے بلوچ عوام کے حقوق کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں ، بلوچ قوم کے مفادات ہمیں بے حد عزیز ہیں ہماری سیاست کاروزِ اوّل سے محور بلوچ عوام کے حقوق اور ان کے مفادات رہے ہیں بی این پی (عوامی) اہل بلوچستان کے حقوق کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھالاوان ہاؤس کراچی میں قبائلی شخصیت میرمحمد اسحاق نوتانی اور ان کے ساتھیوں کی بی این پی (عوامی) میں شمولیت کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میر محمد اسحاق نوتانی کے ہمراہ محمد یوسف چھانگا ہ، منیراحمد نوتانی جلیل احمد غلامانی غلام سرور محمدحسنی عبدالعزیز میراجی عبدالوہاب غلامانی ودیگران کے ساتھیوں کی کثیر تعداد نے بی این پی عوامی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر بی این پی (عوامی) ضلع خضدار کے آرگنائزر ڈاکٹر حضور بخش زہری، ڈپٹی آرگنائزر نورالدین چھٹہ سابق جنرل سیکریٹری خضدار منیراحمد زہری بی این پی (عوامی) رئیس علی حسن موسیانی محمد ادریس زہری عبدالقادر بلوچ حاجی عبدالوہاب موسیانی حاجی صاحب خان نوتانی حاجی محمد انور قلندرانی محمد عباس میروانی ودیگر بھی موجود تھے ۔بی این پی کے قائد میر اسراراللہ خان زہری نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے رہنماؤں و پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کا نقطہ نظراور منزل ایک ہی ہے تاہم کام مختلف انداز میں کررہی ہیں۔یہ تمام جماعتیں سب ہی اللہ تعالیٰ کے حضور نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات و اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے جدوجہد کررہی ہیں تاہم ان کا پلیٹ فارم الگ الگ ہے۔قوم پرست جماعتیں ماضی کی روایات کو ترک کرکے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے لئے یکجاہوں اورملکرجدوجہد کریں ۔ کینہ نفاق اوربغض و عناد سے پاک سیاست کو فروغ دیکر عوام کی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں خضدار کے عوام کے لئے قدرتی گیس کی فرہمی کے لئے تن تنہا کوششیں کررہاہوں اور انشاء اللہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہوجاؤنگا۔ اگر دیگر جماعتوں کے رہنماء مخلصانہ کوششیں کرتے تو آج تک عوام کے بیشتر مسائل حل ہوچکے ہوتے ۔ ماضی گواہ ہے کہ بی این پی (عوامی) نے عوام کی بنیادی ضروریات تعلیم صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سڑکوں کی تعمیر اور ملازمتیں فراہم کرنے میں سب سے زیادہ اقدامات کی ہے اور اس کابلوچستان کے عوام نہ صرف معترف ہیں بلکہ اس کا اظہار بھی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگلے الیکشن میں بی این پی (عوامی) میدان کسی کے لئے خالی نہیں چھوڑیگی تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑی کریگی۔بی این پی عوامی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ اور جمہوری طریقہ کار کو اپنا کر اگلے الیکشن میں کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہاکہ خضدار کے عوام نے اگر موقع دیا تومیں خضدار کی حالت بدلنے کے لئے اپنی تما م تر توانائیاں صرف کرکے ماضی کی تمام محرومیوں کا خاتمہ کرونگا ۔اور ہونابھی یہ چاہئے کہ جنہوں نے ماضی میں خضدار کا استحصال کیا اور ان کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کی ۔جس تجربے سے خضدار کے عوام ماضی میں گزرے ہیں دوبارہ اس تجربے سے گزر کر دھوکا نہ کھائیں بلکہ اپنا عوامی نمائندہ تبدیل کریں ۔ یہ ایک دنیاوی فطرت ہے کہ جس نمائندے کو بار بار منتخب کیا جاتا ہے پھر وہ عوام کے لئے آمر کی حیثیت اختیار کرلیتا ہے لہذا عوام حقیقی نمائندہ منتخب کرکے اپنے مسائل کے حل کے لئے خود ہی پیش رفت کریں ۔سینیٹر میر اسراراللہ خان زہری نے کہاکہ یقیناًعوام میں شعور و آگاہی آچکی ہے اور عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور آنے والے الیکشن میں ضرور تبدیلی آئیگی ۔ عوام کی نظریں بی این پی (عوامی) پر لگی ہوئی ہیں بی این پی عوامی ایک واضح اکثریت کے ساتھ بلوچستان اسمبلی میں پہنچ کر عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میں بی این پی (عوامی) کی کامیاب ریلی پر کارکناب مبارک باد کے مستحق ہیں بی این پی (عوامی) کی مقبولیت میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہاہے ۔یہ شمولیت کا سلسلہ آئندہ مذید تیز تر ہوجائیگا ۔۔