کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا2018ء پیپلز پارٹی کا ہے انشاء اللہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیراعظم ہونگے اور چاروں صوبوں میں پیپلز پارٹی حکومتیں بنائے گی ، یہ وقت نفرتوں کی سیاست کا نہیں بلکہ محبتوں کا پرچار کرنے کا ہے ،پیپلزپارٹی تمام قومیتوں اور مختلف زبانیں بولنے والوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے جو مضبوط پاکستان اور خوشحال بلوچستان کیلئے جدوجہد کررہی ہے ،پیپلزپارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ جب بھی ملک میں جمہوریت کے خلاف کوئی سازش رچائی گئی اس کے خلاف پیپلزپارٹی سڑکوں پر آئی اور صف اول کا کرداراداکیا ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،سردار سرورسلیمانخیل ،ملک عبدالحمید کاکڑ،شہزادہ کاکڑ،حفیظ مینگل ،حاجی ظریف خا ن بڑیچ،میرولی محمد قلندرانی ،ربانی خلجی ،بابل بنگلزئی ،حاجی شکر خان ،چوہدری شان سلامت اوردیگر نے غوث آباد میں حاجی فیض محمدبڑیچ ،صالح بڑیچ اور فضل محمد بڑیچ کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پشتونخواملی عوامی پارٹی سے مستعفی ہوکرپیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو تک پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں ،بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک کے حالات خطرناک سمت میں جارہے تھے مگر یہ آصف زرداری ہی تھے جنہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور ہم نے ملک بچانے اور عوام کی خوشحالی کیلئے قربانیاں دیں ،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نہ صرف نااہل بلکہ ناکام بھی ہوچکی ہے اس سے بڑھ کر نااہلی اور کیا ہوسکتی ہے کہ بلوچستان کے عوام کے پیسے لیپس کرکے واپس کئے جارہے ہیں آج اگر صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے تو اس کا کریڈیٹ صوبائی حکومت کو نہیں جاتا بلکہ یہ ہمارے سیکورٹی اداروں کی بدولت ممکن ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے عوام کو کرپشن اور بدعنوانی کے سوا کچھ نہیں دیا عوام کی ترقی کیلئے آنے والی رقم خوردبرد کی نظرہوگئی اور کوئٹہ شہر سمیت بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیاہے عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اوربدعنوان حکمرانوں کا احٹساب کریں گے ۔انہوں نے حاجی فیض محمد بڑیچ ، فضل محمدبڑیچ اور صالح بڑیچ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انکی شمولیت سے پارٹی صوبے میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیابی حاصل کرکے بلوچستان سمیت چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائی گی۔انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت ،جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اوراور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو جب پاکستان آرہی تھیں تو انہیں کہا گیا کہ آپ پاکستان نہ جائیں آپکی جان کو خطرہ ہے لیکن شہید اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی خاطر پاکستان آئیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا عوام کو چاہئے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ استعمال سوچ سمجھ کر کریں گے ۔