|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2017

کراچی: بوم بوم شاہد خان آفریدی نے پشاور زلمی کو خیرباد کہتے ہوئے ٹیم کی صدارت بھی چھوڑ دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی کی طرف سے نہیں کھیل سکیں گے اور بحیثیت صدر اور کھلاڑی پشاور زلمی چھوڑ رہے ہیں جب کہ اسی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے اشارہ بھی دیا کہ وہ اب کسی اور جگہ نظر آئیں گے۔ شاہد آفریدی نے پشاور زلمی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں جہاں بھی جاؤں گا پشاور زلمی کے پرستار میرے ساتھ ہوں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے ٹیم کے مالک جاوید آفریدی سے اختلافات کی وجہ پشاور زلمی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا، وہ کرکٹنگ معاملات میں ان کے بڑھتے ہوئے عمل و دخل سے خوش نہیں تھے، چند ماہ قبل بھی انھوں نے ٹیم چھوڑنے کا ذہن بنا لیا تھا مگر بعض ’’بڑوں‘‘ کے کہنے پر ایسا نہیں کیا، اس وقت دو فرنچائزز ان سے معاہدے کیلیے تیار تھیں، اب بھی ان کے پاس آپشنز کی کمی نہیں جبکہ آئندہ سال چھٹی ٹیم بھی پی ایس ایل میں کا حصہ ہوگی۔ شاہد آفریدی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں شاہ رخ خان کی جانب سے دعوت و بعض دیگر خبریں چلنے اور پھر بیک فائر ہونے کا بھی انھیں دکھ پہنچا تھا، ان کو لگتا تھا کہ ٹیم حکام کی جانب سے میڈیا کی توجہ کیلیے بار بار اس قسم کی شوشے چھوڑنے سے ان کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے،دیگر کئی معاملات بھی انھیں پسند نہیں تھے اس لیے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔