فیصل آباد: وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن اور آصف زرداری نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کر رکھی ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ سندھ میں چور اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے، شرجیل میمن اور زرداری نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کر رکھی ہے جب کہ شرجیل میمن کے اربوں روپے لانچوں کے ذریعے بیرون ملک جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک زرداری کی کرپشن سب پر بھاری ہے، آصف زرداری 10 فیصد کرپشن سے 100 پر چلے گئے اور انہوں نے بے نظیر بھٹو کا خون بیچا، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والا سابق گورنر ماڈل ایان علی کا کیس لڑتا ہے، انہیں تو شرم سے ڈوب مرناچاہیئے، آئندہ انتخابات میں زرداری ٹولے کو مکمل ڈرائی کلین کریں گے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان بال ٹمپرنگ اور میچ فکسنگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں، عمران خان ریلو کٹا اور ٹیرو کٹا ہیں جب کہ نواز شریف کو اللہ نے پہلے بھی عزت دی اور وہ اب بھی سرخرو ہوں گے، عدلیہ سے آزاد اور قانون کے مطابق فیصلہ آئے گا۔