|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کی مقامی عدالت نے بغیر لائسنس ادویات کی خرید و فروخت کا جرم ثابت ہونے پر دو میڈیکل اسٹور مالکان کو پانچ پانچ ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ جبکہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر تین میڈیکل اسٹور مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ یہ سزا ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین عبدالمجید ناصر اورممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے سنائی۔ عدالت نے ابدالی میڈیکل سٹور کے مالک عبدالحق اور ولی جان میڈیکل سٹور کے مالک خان محمد کو ڈرگ ایکٹ 1976کے تحت بغیر لائسنس ادویات کی خرید وفروخت کا جرم ثابت ہونے پر پانچ ،پانچ ماہ قید اور پچاس ،پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ۔عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزمان کو مزید دو، دو ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔ڈرگ کورٹ کی جانب سے عبید میڈیکل سٹور کیس میں سزائے یافتہ ملزم ہدایت اللہ ،عمران میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم محمد عمران اور رمضان میڈیکل سٹورکیس میں نامزد ملزم وزیر خان کو سماعت کے دوران پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اورپولیس کو ہدایت کی ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔