دالبندین: بلوچستان کے ضلع چاغی اور ہرنائی میں ٹریفک حادثات میں چار غیرملکیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق پاک افغان سرحدی ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے قریب نوکچا ہ کے مقام پر کوئٹہ سے آنے والی تیز رفتار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین،ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہیں جن کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔چاروں افراد مہاجر کیمپ گردی جنگل میں رہائش پذیر تھے۔ لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ ادھر ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے کلی مردان میں کوئٹہ سے ہرنائی جانے والی واپڈا کی ڈبل ڈور سرکاری گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گئی۔ حادثے میں سوار پانچ افراد افراسیاب، نوید احمد، فرید احمد ، دانیال اورسمیع اللہ زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعدازاں زخمیوں میں چالیس سالہ افراسیاب اچکزئی دم توڑ گیا۔ لاش اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔