|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2017

گوادر : مفاد پرست ٹولہ مراعات لیکر گوادر کے غریب عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ، گوادر کے زمینوں کا فیصلہ بند کمروں میں کیا جارہا ہے ۔ گوادر کی زمینوں پر صرف مقامیوں کا حق ہے ۔ گوادر کی زمینیں غیرمقامیوں کو الاٹ کرنے نہیں دینگے۔ ان خیالات کا اظہار گوادر ساحل اتحاد کے رہنماؤں مولابخش مجاہد ، مراد ملنگ اور مصطفی رمضان نے گوادر کے عوامی مسائل پر منعقدہ احتجاجی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ مفاد پرست ٹولہ گوادر کے عوام کو دھوکہ دیکر مراعات بٹورنے میں مصروف ہیں اور عام عوام مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔ گوادر میں سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے ۔ جگہ جگہ سیوریج کا گندا پانی پھیلا نظر آتا ہے ۔ جس کی وجہ سے چکن گونیا سمیت دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر گوادر مفاد پرست ٹولے کے ساتھ ملکر گوادر کی زمینوں کے بندر بانٹ کر رہے ہیں ۔ ہم اس بندر بانٹ کی مذمت کرتے ہیں ۔گوادر کی زمینوں پر پہلا حق مقامیوں کا ہے گوادر کے زمینیں مقامیوں کو الاٹ کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ قوم پرستی کے دعویداروں نے عوام کو لوٹنے کے سوا اور کچھ نہیں کیا ۔ ایم پی اے نے اپنے میڈیکل فنڈ تک کو صرف اپنوں میں نوازا ہے ۔ اور گوادر کے ہسپتال سہولیات سے عاری ہیں ۔ ہسپتال میں ایک چھوٹے سے بیماری کا علاج تک نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے مراعات بٹورنے کے بعد اپنے حق میں ریلیاں نکلواتے ہیں ۔ اور سادہ لوح عوام کو صرف سبز باغ دکھاتے ہیں ۔ انھوں نے کہا ڈپٹی کمشنر گوادر گوادر دشمنی بند کریں اور گوادر کے پلاٹوں کی بندر بانٹ بند کریں ۔ گوادر ساحل اتحاد ایسے کسی عمل کی اجازت نہیں دیگی ۔ اور شدید عوامی احتجاج کریگی۔