پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چار ٹی 20 کرکٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے لیکن حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی دو گیندوں پر دو چوکے لگنے کے باوجود اپنی ٹیم کی فتح سے ہمکنار کیا۔
شاداب خان نے اپنے چار اوورز میں 14 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ کے حق دار قرار پائے۔
پورٹ آف سپین میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 133 رنز کے ہدف کے تعاوقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ دس کے مجموعی سکور پر گری جب لیوئس تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی والٹن تھے جنھیں 21 کے انفرادی سکور پر شاداب خان نے بولڈ کیا۔
تیسری وکٹ 65 کے مجموعی سکور پر گری جب سمنز کو حسن علی نے ایل بی ڈبلیو کر دیا وہ صرف ایک رن بنا سکے۔
پولارڈ تین رن بنا کر شاداب خان کا دوسرا شکار بنے اور اگلی ہی گیند پر پوویل کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کر دیا۔
سیموئلز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر 44 رنز بنائے اور شاداب خان کی چوتھی وکٹ بنے۔
جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ نے 17 رنز بنائے اور انھیں وہاب ریاض نے بولڈ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز ایک بار پھر مایوس کن رہا اور کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے بدری کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جبکہ احمد شہزاد 14 بنا کر نرائن کا شکار بنے۔
پاکستان کی جانب سے شعیب ملک 28، بابر اعظم 27 اور وہاب ریاض 24 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں کوئی بھی قابل ذکر سکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
ویسٹ انڈینز بولر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بلے بازوں کو زیادہ دیر کریز پر رکنے نہ دیا۔
نرائن اور بریتھ ویٹ نے تین، تین اور بدری نے دو جبکہ ولیمز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ برج ٹاؤن میں کھیلے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔