کوئٹہ: اینٹی نارکوٹکس فورس نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ دو منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوبھاری مقدار میں ہیروئن اسمگل کرنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے پیش نظرضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی عبدالرحمانزئی کے مقام پر ناکہ لگایا گیا۔دوران نگرانی ایک سوزوکی پک اپ اے این ایف کے ناکے سے کچھ فاصلے پر آکر رک گئی۔صورتحال کو مشکوک جانتے ہوئے اے این ایف کی ٹیم نے قریب پہنچ کر گاڑی کوتحویل میں لیا۔تاہم گاڑی میں سوار افراد گاڑی کو لاواث چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران اعلیٰ معیار کی 1624کلوگرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف نے ضلع کیچ ہوشاب روڈ سمی نالہ کے قریب لاوارث ٹویوٹا پک اپ کو تحویل میں لیکر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی8کلوگرام ہیروئین برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کیئے جانے کی غرض سے رکھی گئی تھی۔ علاوہ ازیں اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ، ریڈیو سٹیشن اور سٹی نالہ، گرامر سکول کے قریب کی گئی 2 الگ الگ کاروائیوں کے دوران صالح محمد اور ثناء اللہ نامی 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے بالترتیب 380 گرام اور 350 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔