|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2017

خاران : بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سڑک کی تعمیر کا کام کرنیوالے چار مزدور جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح تقریبا دس بجے خاران سے تقریبا پندرہ کلو میٹر دور گواش میں پیش آیا۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے خاران یک مچ روڈ کی تعمیر پر کام کرنیوالی کمپنی کے مزدوروں پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔ لاشوں کو نجی گاڑیوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خاران لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ چاروں مزدوروں کو سر، سینے اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئی ہیں۔ مقتولین کی شناخت غلام مصطفی ولد محمد نواز سولنگی، یاز ولد کرم دن سولنگی، سوراب خان ولد شاہ میر سولنگی اور سجاد ولد عبدالمالک سولنگی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں افراد کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی سے بتایا جاتا ہے۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی گئیں۔ واقعہ کے بعد پولیس ، لیویز اور ایف سی نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ یاد رہے کہ خاران کو ضلع چاغی کے علاقے یک مچ سے ملانے والی اس زیر تعمیر سڑک کو حال ہی میں پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بنایا گیا تھا۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یک مچ خاران شاہراہ بلوچستان کا ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے جو آر سی ڈی ہائی متوازی تعمیر کی جا رہی ہے اس کا مقصد کراچی اور زاہداہ کے درمیان کم مسافت کا ہائی وے تعمیر کیا جائے جو آر سی ہائی سے 400 کلو میٹر کم ہو گا بنیادی طور پر یہ زاہدان خاران کراچی ہائی وے ہے اس کیلئے فیز کی تعمیر یک مچ سے خاران کے درمیان ہو رہی ہے جبکہ اس کا دوسرا فیز خاران بسیمہ اور اورناچ اور آخری مرحلہ اس کو باران تک کے قریب آر سی ڈی ہائی وے سے ملا دیا جائے گا یہ منصوبہ وفاقی وزیر جنرل عبدالقادر کا ہے اس نے منصوبہ کی تیاری میں بڑی محنت کی اور آخر کار سالوں کی جدوجہد کے بعد اس کی ایکنک اور منصوبہ بندی کمیشن سے منظو ر کروایا اور اس سال کے وفاقی بجٹ میں اس کے پہلے فیز کی تعمیر شروع ہو گی حال ہی میں زاہداہ خاران کراچی ہائی وے کو سی پیک کے منصوبوں میں شامل کیا گیا اور اب اس کی تعمیر کیلئے وسائل سی پیک سے حاصل کئے جائیں موجودہ آر سی ڈی ہائی وے 1100 کلو میٹر طویل ہے جبکہ زاہدان خاران کراچی ہائی وے صرف 700 کلو میٹر طویل ہو گا ایران کو جانے والے زائرین مستقبل میں زیادہ محفوظ شاہراہ کو استعمال کر سکیں گے۔