کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لاہور میں مردم شماری کی ٹیم پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بہیمانہ کاروائی میں پاک فوج کے جوانوں اور دیگر افراد کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انہیں دہشت گردی کے اس واقعہ کا جان کر بے حد افسوس ہوا ہے جس میں بزدل دہشت گردوں نے مردم شماری کا قومی فریضہ انجام دینے والوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر ملک کو کمزور اور قوم کے حوصلے پست کرنے کے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں تاہم انہیں پہلے بھی ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئندہ بھی وہ اپنے مزموم مقاصد کے حصول میں ناکام ہونگے، پاکستان ایک مستحکم ریاست ہے ،پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور ہماری بہادر افواج اور سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، نا تو دہشت گرد ہمیں کمزور کر سکتے ہیں اور نا ہی ہمارے حوصلے پست کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاکستانی قوم اور سیکورٹی ادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی ، سوگوار ان کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے، دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے لاہور کے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد بلوچستان میں سیکورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے اور مردم شماری کے عمل میں مصروف عملے کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے خاران میں سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعہ کو صوبے کی تعمیر و ترقی کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان ترقی کرے اور یہاں کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم ہو سکیں، جس کے لیے وہ غریب محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں تاہم میں ان قوم دشمن عناصر کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ ان کے مزموم مقاصد کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور بلوچستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی ہے دریں اثناء وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔