|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2017

خضدار: خضدار میں مردم شماری کا عمل شروع کرنے میں چند دن باقی لیکن عوام شناختی کارڈ کے حصول میں ناکام،نادرا ڈیپارٹمنٹ عوام کو شناختی کارڈ کی فراہمی میں ناکام،بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث نادرا کا سسٹم بند،عوام چکر پر چکر کاٹ کر مایوس لوٹ رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پندرہ اپریل سے خضدار ڈسٹرکٹ میں مردم شماری کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ ضلع کے ہزاروں افراد اب تک شناختی کارڈ سے محروم ہیں۔شہریوں کی ایک بڑی تعداد حصول شناختی کارڈ کے لےئے روزانہ نادرا آفس کا چکر کاٹ رہے ہیں لیکن نادرا ڈیپارٹمنٹ شناختی کارڈ کی فراہمی میں ناکام ہے۔کبھی بجلی کی لوڈ شیدنگ اور کبھی کیمروں کی خرابی کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔مختلف سیاسی و عوامی حلقوں نے مزکورہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری سے قبل عوام کو شناختی کارڈ کی عدم فراہمی سے مردم شماری کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔عوامی حلقوں نے قوم پرست سیاسی جماعتوں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون علاقوں میں نادرا کے دفاتر عوام کو شناختی کارڈ کی فراہمی کے لےئے مکمل فعال ہیں اور عملہ بھی بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کررہا ہے لیکن اس کے برعکس بلوچ علاقوں میں عین اس وقت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کیا گیا جبکہ مردم شماری میں چند باقی رہ گئے ہیں۔عوامی حلقوں نے کہا کہ بلوچ علاقوں میں ساٹھ فیصد افراد شناختی کارڈ سے محروم ہیں مگر نادرا ڈیپارٹمنٹ کی عوام کو شناختی کارڈکی فراہمی میں عدم دلچسپی مردم شماری کے عمل کو مشکوک بنارہی ہے۔عوامی حلقوں نے سیاسی رہنماؤں اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو شناختی کارڈ کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لےئے فوری اقدامات کےئے جائیں۔