کوئٹہ: محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام تولیدی صحت اور فیملی پلاننگ کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے موضوع پر ریجنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری محکمہ بہبود آبادی نورالحق بلوچ نے کہا کہ بہبود آبادی کے پروگرام پر عملدرآمد سے ہی مستقبل میں ترقی ممکن ہوسکے گی اور ملک سے غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں لوگوں میں آگاہی دینا سب سے ضروری بنیادی کام ہے تاکہ لوگوں کو احساس ہو کہ بڑھتی ہوئے آبادی کو کنٹرول کئے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکتا۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن عبداللطیف کاکڑ، پرنسپل آر ٹی آئی اورنگ زیب خان، ڈپٹی پرنسپل انسٹی ٹیوٹ محترمہ عصمت مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تولیدی صحت اور فیملی پلاننگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کے حوالے سے ماہرین نے شرکاء کو بہتر انداز میں آگاہ کیا جس سے یقیناًلوگوں میں شعور وآگاہی پیدا ہوگی جبکہ اس شعبے میں کام کرنے والے ڈاکٹرز ودیگر متعلقہ عملے کو بھی جدید خطوط پر تربیت میسر آسکے گی۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نعیم خان نے اہم اور جدید معلومات پر مبنی لیکچر دیا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر ٹریننگ طارق مسعود اور ڈسٹرکٹ آفیسر خدابخش سمیت محکمہ کے متعلقہ آفیسران وعملے نے بھی شرکت کی۔