|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2017

کراچی: پاک سر زمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور وکٹ کاٹ دی اور پی ایس 119 سے رکن اسمبلی نے مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ کراچی میں پاک سر زمین کے رہنما مصطفیٰ کمال کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس 119 سے منتخب ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ارتضیٰ خلیل فاروقی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ارتضیٰ فاروقی کافی عرصے سے لندن میں مقیم تھے اور گزشتہ روز ہی وطن واپس آئے ہیں۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ارتضیٰ فاروقی کو پی ایس پی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمیں مانتے ہیں انہیں بھائی اور جو نہیں مانتے انہیں بڑا بھائی مانتے ہیں۔ ارتضیٰ فاروقی نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناکردہ گناہوں کی سزا کیوں کاٹوں، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے ارتضیٰ فاروقی کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی بہت ہو چکی، اب کراچی والوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے کئی رہنما پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔