|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2017

گوادر : آل پاکستان چیمبر آف کامرس کا ایک روزہ سیمینار کا مقامی ہوٹل میں انعقاد۔ سیمینار میں وفاقی وزراء اور ملک بھر سے تاجروں کی شرکت ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر کے مقامی ہوٹل میں گوادر چمبر آف کامرس کی جانب سے آل پاکستان چیمبر آف کامرس کا ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا ۔ سیمینار میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال اور وفاقی وزیر برائے بندرگاہ و جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ سیمینار کی اجلاس میں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجروں و سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج سے چار سال پہلے جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہو چکا تھا ۔ لیکن ہماری بہتر حکمت عملی اور معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک نہ صرف معاشی طور پر مستحکم ہوا بلکہ پاکستان کاروباری حوالے سے ایشیاء میں سرمایہ داروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے لوگوں کا یہی خیال تھا کہ پاکستان چائنہ کی رفتار سے نہیں چل پائے گا ۔ لیکن آج لوگوں کا یہی خیال ہے کہ چائنہ پاکستان کی رفتار سے چل سکے گا یا نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو سنگا پور پورٹ کا ماڈل بنا کر فری پورٹ بنایا جائے گا تاکہ دنیا بھر کے سرمایہ دار گوادر پورٹ سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔ گوادر پورٹ پاک چین دوستی کی لازوال نشانی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ اس پورٹ سے مستفید ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے ایک دو سالوں میں گوادر میں پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا ۔ آج کی دنیا معیشت کی خطوط پر استوار ہے اور جنگ و جدل سے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی ۔ وفاقی وزیر بندرگاہ و جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کا مقام ہیکہ ملک بھر سے سرمایہ کار و تاجر گوادر میں موجود ہیں انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی مکمل فعال ہونے کے بعد تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی خوش آئند بات ہے کہ مقامی سرمایہ کار اس موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ تقریب میں کمانڈر ویسٹ بلوچستان کموڈور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک نیوی اور میرین سیکورٹی ٹائم ایجنسی اپنی فرائض کی ادائیگی میں غافل نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مکران کے سمندری حدود اور گوادر پورٹ کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ اس موقع پر تقریب سے پاکستان چمبر آف کامرس کے صدر زبیر طفیل ، ضلع کونسل گوادر کے چیرمین بابو گلاب ، چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے صدر مسٹرژونگ ، مسٹر پیٹر ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے ڈاکٹر سجاد حسین ، لاہور و کراچی چمبر آف کامرس کے صدرور عبدالباسط،افتخار ، گوادر چمبر آف کامرس کے صدر فیصل دشتی ، فیروز گابا ، جیڈا کے وقاص و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں مہمانوں میں یادگاری شیلڈ تقسیم کئے گئے ۔ تقریب میں گوادر چمبر آف کامرس کے میر امداد رند و میر طارق علی اکبر رند نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔