|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2017

چمن+کوئٹہ: بلوچستان کے پاک افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ میں سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونیوالی بارود سے بھری گاڑی پکڑلی، کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب ملزم کو سہولت کار سمیت گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار دہشتگرد بارود سے بھری گاڑی کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائی کیلئے استعمال کرنا چاہتے تھے۔ادھر تربت میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا کارندہ مارا گیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کرلیا جس کی نشاندہی پر ہفتہ کی صبح قلعہ عبداللہ کے پاک افغان سرحدی علاقے دو بندی میں ایک اور کارروائی کی گئی ۔ اس کاررائی کے دوران بارود اور اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑی گئی۔ گاڑی سے راکٹ لانچر، بڑی تعداد میں دستی بم اور کلاشنکوف بھی برآمد ہوئے۔سیکورٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے گاڑی کے دروازوں اورعقبی حصوں میں بارود بھری ہوئی تھی اور اسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔ مذکورہ گاڑی افغانستان سے غیر روایتی سرحدی راستوں سے پاکستان لائی جارہی تھی اور اسے کوئٹہ میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کیلئے استعمال کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی سے دہشتگردی کا یہ منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ سیکورٹی حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گاڑی ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ دریں اثناء فرنٹیئر کور بلوچستان کے کمانڈر نارتھ سیکٹر بریگیڈیئرندیم سہیل نے کمانڈنٹ چمن سکاؤٹس کرنل عثمان اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ قیصر ناصر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حساس ادارے اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی میں پاک افغان سرحد سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشتگرد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ ہمسائیہ ملک افغانستان میں موجود کالعدم تنظیم کے دہشتگرد تخریبی اور دہشتگردی کی کارروائی کیلئے بارود سے بھری گاڑی پاکستانی حدود کی طرف لارہے تھے جس پر فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے میں کارروائی کرکے بارود سے بھری گاڑی پکڑلی جو افغانستان سے پاکستان آرہی تھی۔ حالیہ بارشوں سے پاک افغان سرحد پر غیرقانونی آمدروفت کی روک تھام کیلئے کھودی گئی خندق اور مٹی کے بند متاثڑ ہوئے ہیں اس لئے دہشتگرد اب یہ غیر روایتی راستے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد نے پاکستان میں دہشتگردی سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں ۔ ملزم کے انکشافات کی روشنی میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشنز کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جبکہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل بھی جلد شروع کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں جماعت الاحرار، تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی العالمی نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بھارتی خفیہ ادارے رااورافغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے ساتھ گٹھ جوڑ بنا رکھا ہے ۔