|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2017

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز چمن میں سیکورٹی اداروں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کا رروائی کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچایا اب ہمیں پاک افغان سرحد کو ایک بارڈر کی طرح دیکھنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کر دہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ اپنے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے یکجا ہیں یہی وجہ ہے کہ ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں کی چمن میں بروقت کارروائی نے گزشتہ روز دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی پکڑی جس پر فرنٹیئر کور بلوچستان اور تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے جس میں ’’را‘‘ اور این ڈی ایس ملوث ہیں ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اب ہمیں پاک افغان سرحد کو ایک بارڈر کی طرح ہی دیکھنا ہوگا کیونکہ یہاں سے دہشتگردی کے منصوبوں کو کوئٹہ اور ملک کے مختلف حصوں میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جاتا ہے جو قابل برداشت عمل نہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے حکومت سیکورٹی ادارے اور عوام ایک پیج پر ہیں ہم اپنے ملک کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لئے قربانیاں دیتے رہیں گے ۔