|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2017

لینسیانگ: امریکی ریاست مشی گن میں ایک 11 سالہ بچے نے مبینہ طور پر آن لائن بھونڈے مذاق یا تضہیک کا نشانہ بنائے جانے کے بعد خودکشی کرلی۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بچے نے اپنی ایک 13 سالہ دوست لڑکی کی جانب سے خودکشی کی خبر کے بعد یہ قدم اٹھایا۔ واضح رہے کہ نو عمر لڑکے نے 14 مارچ کو پھندے میں لٹک کر خودکشی کرنے کی کوشش کی، جس دوران وہ بری طرح زخمی ہوئے، تاہم دوران علاج وہ گزشتہ ہفتے ہسپتال میں چل بسے۔ کڈز اسپوٹ نامی ویب سائیٹ کے مطابق خودکشی کرنے والے لڑکے ٹائسون بینز کی والدہ کترینا کا کہنا ہے کہ ان کے بچے کے ساتھ آن لائن بھونڈے اور تضہیک آمیز مذاق کیے گئے۔ کترینا گوس نے اپنے بیٹے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت ہی پیار کرنے والا ذہین بچہ تھا،اسے نہ صرف کھلیوں میں دلچسپی تھی، بلکہ وہ پڑھائی میں بھی ہمیشہ اچھے نمبرز حاصل کرتا تھا۔ ویب سائیٹ کے مطابق کترینا گوس نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ ممکن ہے ان کے بیٹے نے اپنی 13 سالہ گرل فرینڈ کی خودکشی کے بعد یہ قدم اٹھایا ہو۔ خیال رہے کہ رواں برس فروری میں مشی گن کی ایک 13 سالہ لڑکی میگھن ایوانز نے ماں کے ڈانٹنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ ویب سائیٹ کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ 11 سالہ لڑکے نے اسی لڑکی کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے بعد یہ قدم اٹھایا ہو، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ دوسری جانب لڑکے کے دوران علاج آن لائن چندہ جمع کرنے کے لیے چلائی گئی ’گو فنڈ می‘ مہم میں اب تک 39 ہزار 476 امریکی ڈالرز کا چندہ جمع ہوچکا ہے، اور لوگوں کی جانب سے عطیہ دئیے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بچے کی خودکشی پر افسوس کیا جا رہا ہے، جب کہ بچے کی یاد میں کئی سوشل میڈیا پیجز بھی بنائے گئے ہیں۔