کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا درپیش ہے لیکن جرات و بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں سعید آباد ٹریننگ سینٹر میں 92 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار شہریوں کے محافظ اور خادم ہیں، ہمیں اچھائی کو بڑھانا اور برائی کو روکنا ہے، ہمارا کام مظلوموں کی داد رسی کرنے کے ساتھ ملزمان کو کٹہرے میں لانا ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا درپیش ہے لیکن جس طرح پہلے سندھ پولیس کے جوان دہشت گردوں کے خلاف اگلی صفوں میں لڑتے رہے ہیں آئندہ بھی جرات و بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔