|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2017

کوئٹہ: مسلم لیگ ن کے6کونسلرز نے میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کی حمایت کردی جس کے بعد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کونسل میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سربراہی میں حکمران اتحاد کو دوبارہ اکثریت حاصل ہوگئی۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے کوئٹہ کے مختلف وارڈز کے چھ کونسلروں نسیم اللہ اچکزئی ،نثار شاہ، سلیم رشید احمد ،ناہیدہ کوثراورنگہت ناز نے میئر کوئٹہ کے ہمراہ میئر کے دفتر میں پریس کانفرنس میں حمایت کا اعلان کیا۔ اس طرح میئر کو 85کے ایوان میں53کونسلرز کی حمایت حاصل ہوگئی۔ اس سے پہلے نیشنل پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے 6کونسلرز نے بھی گزشتہ ہفتے میئر کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل میٹروپولیٹن کارپوریشن بجٹ منظوری کے موقع پرحکمران کونسلرز اتحاد میں اختلاف پیدا ہوگئے تھے جس کے باعث مسلم لیگ ن ، نیشنل پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرز نے حکمران اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اس طرح میئر کلیم اللہ کاکڑ میٹروپولیٹن کارپوریشن کونسل میں اکثریت کھوبیٹھے تھے اوربجٹ میں پاس نہیں ہوسکا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مےئر کوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ بعض غلط فہمیوں کی وجہ سے ہمارے اتحادی مسلم لیگ (ن) کے کونسلر زہم سے علیحدہ ہوکر اپوزیشن میں چلے گئے تھے ۔کوئٹہ شہر کے مفاد اور ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے کیلئے ہم آپس میں مل بیٹھ کر اختلافات دورکئے اس وقت ہمیں 53ممبران کی حمایت حاصل ہوچکی ہے باقی ممبران بھی جلد ہمارے ساتھ شامل ہونگے ۔جلد کو ئٹہ میٹر و پو لیٹن کار پوریشن کا اجلاس بلاکر بجٹ پاس کرایا جائیگا۔اس موقع پر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کونسلران صلاح الدین اچکزئی،اختر اچکزئی،عبدالمنان ترین اور دیگر بھی موجود تھے۔مےئر کلیم اللہ کاکڑ نے کہاکہ اختلافات کی ایک وجہ ورک آرڈر کا جاری نہ ہونا تھا کیونکہ کونسلر ز ہم سے کام چاہتے تھے مگر محکموں کی غفلت کے باعث ورک آرڈر جاری نہیں ہوسکے تھے ۔اختلافات کے باعث شہر کے مسائل میں اضافہ ہوگیا تھا۔انہوں نے کہاکہ قائدین کی صلاح و مشورے سے تمام غلط فہمیاں دور کی گئیں۔ مسلم لیگ (ن)کے 6 کونسلروں نے ہمارے ساتھ اتحاد کا اعلان کردیا ہے تمام کونسلروں کے ساتھ ملکر کوئٹہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ملکر کام کرینگے ۔آنے والے چند دنوں میں دیگر جماعتوں کے کونسلر بھی ہمارے ساتھ شامل ہونگے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کونسلران نے کہاکہ ڈھائی سال قبل مسلم لیگ (ن) نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ساتھ ملکر میٹروپولٹین میں گورنمنٹ بنائی لیکن بعد میں کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے ہم کچھ عرصے کیلئے الگ ہوئے لیکن اب ایک بار پھر قائدین کے مشورے پر ہم نے دوبارہ آپس میں مل بیٹھ کر اختلافات ختم کیے انہوں نے کہاکہ اس وقت کوئٹہ شہر کے بے شمار مسائل ہیں ان کو حل کرنے کیلئے دونوں جماعتوں کو ملکر کام کرنا ہوگا اگر ہم آپس میں ایک دوسرے سے اختلافات رکھیں تو مسائل حل نہیں ہوسکتے بلکہ ان میں اضافہ ہوگا ۔ میئر کوئٹہ نے کہا کہ اختلافات کے بعد ارکان اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بہتر انداز میں کام نہیں کرسکی ۔ کونسلرز نے ملکر اپنے مسائل کا حل خود نکالا۔