|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2017

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکا کے سمندری حدود میں تعینات کردہ بحری بیڑوں کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا تو پیانگ یانگ جنگ کے لئے تیار ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے جنگی بحری بیڑے کی شمالی کوریا کی جانب تعیناتی کے بعد پیانگ یانگ نے دھمکی دی ہے کہ امریکا کی جانب سے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جنگی بیڑے کی تعیناتی اس بات کا ثبوت ہے کہ واشنگٹن شمالی کوریا پر جنگ مسلط کرنے کا خواہاں ہے تاہم کسی بھی غفلت کا بھرپور انداز میں جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لئے ہر قسم کے ہتیھاروں کا استعمال کیا جائے گا اور حملہ آور ملک کے خلاف حملے کی صورت میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب امریکا کو بھرپور جواب دینے کے لئے شمالی کوریا کی جانب سے بانی رہنما کی 105ویں برسی کے موقع پر جوہری تجربے کا امکان ہے۔