کچلاک : یو این ایچ سی آر کچلاک کے سینٹر سے رضاکارانہ طور پر افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری ہے ، روزانہ درجنوں خاندان رجسٹریشن کے بعد تقریباً دو سو ڈالر امدادی رقوم دے کر واپس بھیجتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر دفتر واقع سملی کچلاک سے موسم گرما کے شروع ہوتے ہی افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے ۔ دفتر سے روزانہ درجنوں خاندان رجسٹریشن کے بعد تقریباً 2 سو امریکی ڈالر امدادی رقوم دے کر واپس افغانستان روانہ کردیتے ہیں جبکہ امدادی رقوم افغانستان پہنچنے کے بعد وہاں پر قائم ان کے دفتر سے وصولی ہوتی ہے ۔ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کے لئے صرف ایک سینٹر کے باعث کافی رش ہوتی ہے ۔ سینٹر میں واپس جانے والے خاندانوں کے تمام افراد کا آنکھوں کا باقاعدہ سکین کرکے ریکارڈ محفوظ کیا جاتا ہے ۔ واضح رہے پاکستان میں قیام پذیر افغان مہاجرین کی مدت قیام 31 دسمبر 2017 کو ختم ہوجائے گی ۔ رضاکارانہ طور پر جانے والے خاندانوں نے پاکستان میں قیام مہمان نوازی اور باعزت واپسی پر حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پاکستان میں قیام کے دوران انہیں مہاجر ہونے کا احساس نہ ہوا بلکہ انہیں پاکستان دوسرا گھر محسوس ہورہا تھا ۔