کوئٹہ : کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا کہ قومی فریضہ خانہ شماری اور مردم شماری کے پہلے مر حلے کے دوران تمام اداروں نے مل کر کام کیا ہے جس کی وجہ سے تسلی بخش نتائج سامنے آرہے ہیں دوسرا مرحلہ 24 مئی سے شروع ہو گا جس طرح پہلے عملے کو سخت سیکورٹی فراہم کی گئی تھی آئندہ بھی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانہ شماری اور مردم شماری کے پہلے مرحلے کے کام کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن معین الرحمان ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر) فرخ عتیق ،ڈپٹی کمشنر پشین ، چاغی ، نوشکی، قلعہ عبداللہ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ نجیب اللہ بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے اجلاس میں کمشنر کوئٹہ نے بتایا کہ پہلا مرحلہ13 اپریل کواختتام پذیر ہورہاہے جبکہ دوسرا مرحلہ24 مئی کوشروع ہو گا انہوں نے ہدایت کی تمام بلاکوں میں خانہ اور مردم شماری کا کام مکمل کر تے ہوئے ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد کے اندراج کو یقینی بنایا جائے انہوں نے پہلے مرحلے میں اب تک ہونیوالے کام پراطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے دوران اگر کوئی عملہ غیر حاضر رہا تو اسکے خلاف سخت قانونی کا رروائی عمل میں لائی جائیگی جس میں محکمانہ تادیبی کا رروائی اور تنخواہوں کی بندش بھی شامل ہو گی کیونکہ خانہ اور مردم شماری قومی فریضہ ہے انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے کے لئے عملے کو مزید محنت کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ ہم قومی فریضہ کو بہتر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ یہ کام بروقت احسن طریقے سے مکمل ہو سکے اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ خانہ اور مردم شماری کے پہلے مرحلے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور اگلے مرحلے میں بھی مزید سخت انتظامات کئے جائینگے جبکہ شہر میں چیکنگ، موبائل گشت بھی جاری ہے ۔