|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2017

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان کے وفد نے زرداری ہاؤ س اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر اعجاز خان کاکڑ، جان علی چنگیزی، جمال ناصر آغا، نادر خان کاکڑ اور خالد عزیز شامل تھے۔ وفد نے سابق صدر کو نئی مردم شماری، شناختی کارڈکے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے پختون بیلٹ اور ہزارہ برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ سابق صدر نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بلوچستان کے بنیادی مسائل کا ادراک ہے اور صوبے میں ہونے والی ناانصافیوں پر تشویش ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کے لئے پیشرفت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گوادر معاہدہ دراصل راہداری کی تعمیر تھی تاکہ بلوچستان ترقی کرے اور راہداری کے ثمرات چاروں صوبوں کو ملیں۔