|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ ادویات کی تیاری اور خرید وفروخت کے الزام میں لاہور ،کراچی اور دیگر کے مزید 7ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام،کوئٹہ کی ایک میڈیسن ایجنسی اور متعدد میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کے ناقابل ضمانت وقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔گزشتہ دنوں ڈرگ انسپکٹرز اور فارماسسٹ کی جانب سے ڈرگ کورٹ کو بھیجے گئے چالانوں پر کارروائی کرتے ہوئے ڈرگ کورٹ نے ادویہ سازکمپنی میسن نیچرل اینڈہومیو لیبارٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کے محمد انور ،فارماسروو پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈاکٹر انور خان ،نیٹ کیور پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کراچی کے الطاف حسین ،ڈرگ فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کے محمد شعیب ،طاہر نواز ہینگیرہ ،گلشن بٹ اور عبدالجبار ،مائی ہیلتھ فارما پروائیویٹ لمیٹڈ کے چوہدری خالد محمود ،رحین نیوٹرو فارما کے فرحان خان ،سیف الرحمن ،نورانی میڈیسن ایجنسی کے سید فہیم الحسن ،الہدیٰ میڈیکل سٹور کے محمد طاہر ،رمضان میڈیکل سٹور چمن کے وزیر خان ،رضوان میڈیکل سٹور کچلاک کے کلیم اللہ ،میکوئنز انٹرنیشنل کے ایم ڈی عبدالرحیم کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے گئے ،جبکہ رحین نیوٹر فارما کراچی کی نگہت افضاء کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں ،مذکورہ کمپنیوں کے مالکان اور دیگر کے خلاف جاری کردہ ناقابل ضمانت اور قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کراچی ،سی سی پی او لاہور اوردیگرکو بھجوادئیے گئے ہیں جبکہ ان کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت 27اپریل اور 2مئی کو ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں ہوگی۔