لاہور: انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے لاہورمیں ایسٹر پر دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی جب کہ کارروائی میں ایک دہشتگرد ماراگیا اورخاتون کو گرفتارکیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی لاہورکے قریب انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے ایسٹر پر دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ کارروائی میں ایک دہشتگرد مارا گیا جب کہ خاتون کوگرفتارکیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خصوصی آپریشن کے دوران 2 افسران سمیت 4 جوان دہشتگردوں سے مقابلے میں زخمی ہوگئے، آپریشن کے مقام سے خود کش جیکٹس اوربارودی مواد برآمد کیا گیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے شلواراورشرٹ پہن رکھی تھی جس سے وہ ازبک لگتا ہے۔ دہشت گردوں نے 5 مرلے کا پورشن 2 ماہ قبل کرائے پرلیا تھا، گھرکا مالک حفیظ نامی شخص ہے جو غازی روڈ کا رہائشی ہے، 2 ماہ قبل حفیظ نے عظیم کو مکان کرائے پردیا تھا، حساس ادروں نے عظیم کو بھی اسی مکان سے حراست میں لیا ہے جب کہ مکان سے تین خودکش جیکٹ، بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی ڈی جی خان میں رینجرز، انٹیلی جنس اداروں اورسی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں 10 خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔