راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کے بعد سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر مسلم لیگ (ن) پر جھاڑو پھر جائے گا۔
شیخ رشید کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مجھے پہلے یقین نہیں تھا کہ پیپلزپارٹی اور حکمران جماعت کے اختلاف ہیں لیکن اب تھوڑا تھوڑا یقین ہو رہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر اپوزشن کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی جماعت سندھ کے نام پر اور کوئی دیگر معاملات کو جواز بنا کر حکومت کے خلاف بات کرتی نظر آتی ہے لیکن اب بھی کہتا ہوں کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اصل اپوزیشن عمران خان اور شیخ رشید ہی ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست ایک نئے موڑ کی جانب گامزن ہے، عالمی قوتیں پاکستان کے سیاسی معاملات میں دلچسپی لے رہی ہیں اور پاکستان سمیت پوری دنیا کی نظریں پاناما کیس کے فیصلے پر لگی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ اگر پاناما کا فیصلہ نوازشریف کے خلاف آگیا تو پوری مسلم لیگ (ن) پر جھاڑو پھر جائے گا اور اس کا صفایا ہوجائے گا۔