کوئٹہ : ایڈیشنل سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر عمر خان بابر نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار ترقی کے لئے بین الاقوامی ڈونرز ایجنسیز کو ہمہ وقت خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے عالمی ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کا کردار قابل ستائش اور قابل تقلید ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر اگنیکو اونژاا (Mr. Ignacio Artaza) کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں ان کے ہمراہ بلوچستان یو این ڈی پی کے ہیڈ ذوالفقار درانی بھی موجود تھے جبکہ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے چیف آف سیکشن عارف حسین شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹاف شہزاد حسن جعفر ودیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے بتایا کہ بلوچستان کو محل وقوع میں سنگین مسائل کا سامنا ہے جس میں خاص طور پر پینے کے صاف پانی وزیرزمین پانی کی تشویشاک حد تک گراوٹ ہے جس وجہ سے آبادی کو بے پناہ مسائل کا سامنا ہے اور اس طرح اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف مختلف 36انڈی کیٹرز پر بھی اچھے خاصے کام کی ضرورت ہے اور اس مد میں حکومت بلوچستان کی جو بھی مدد کرے گا اس کو ہر صورت خوش آمدید کہا جائے گا۔ یہ بات بھی توجہ طلب امر ہے کہ حکومت بلوچستان اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کو ہر صورت سہولیات کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے جس میں وفاقی حکومت کا تعاون بھی ہمہ وقت شامل رہا ہے۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں تکنیکی استعداد کار میں اضافے، گورننس کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے اور دیگر مشاورتی سہولیات کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ صوبے میں ماحولیات اور پانی میں آنے والے وقتوں میں مزید منصوبے زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ راہا پراجیکٹ فیز۔II شروع ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں صوبے میں زمین کی ہمواری وزراعت کے فروغ کے لئے بھی منصوبہ چل رہا ہے۔ پانی سے متعلق واٹر مینجمنٹ رول آف لاء ودیگر منصوبے بھی عنقریب شروع ہوجائیں گے۔