|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اورارسلاء خان نے ڈرگ ریگولیٹر ی اتھارٹی اسلا م آباد کو حکم دیاہے کہ وہ غیر معیاری ادویات سازی اور اس کے خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد ادویہ ساز کمپنیوں میڈلے فارما اور جینٹل فارما کے لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ میں میڈلے فارما ادویہ ساز کمپنی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر کمپنی کے کیس میں نامزد ملزمان محمد اسماعیل اور عمران عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرے ،گزشتہ روز جینٹل فارما کیس کی بھی ڈرگ کورٹ میں سماعت ہوئی تو اس موقع پر جینٹل فارما کیس میں نامزد ملزم محمد عامر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کالائسنس منسوخ کرے اس کے علاوہ عدالت نے الفلاح میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزمان مطیع اللہ اورنصراللہ ،لاثانی ٹریڈرز کیس میں نامزد ملزمان سید اکبر شاہ اور محمد بابر جمیل ،السبحان میڈیکل سٹور کے گل محمد ،الہدیٰ میڈیکل سٹور کے فہیم الحسن پر فرد جرم عائد کردی جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تو عدالت نے مذکورہ کیسز کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے گواہان استغاثہ کو طلب کرلیا اس کے علاوہ گزشتہ روز عدالت نے امارات میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم سید محمد مدثر ،علی عمران میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزمان علی عمران اور محمد منیر ،صادق میڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم محمد صادق کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کرے ،سماعت کے دوران غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت اورنان رجسٹرڈ وبغیر لائسنس کے ادویات فروخت کرنے کے درجن سے زائد مقدمات میں استغاثہ کے گواہان کے بیانات بھی قلم بند کرلئے گئے ۔