|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صوبے میں خوردنی پیداوار کے عمل پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خوراک کی پیداوار سے زیادہ عوام کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی کی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں عالمی ادارہ خوراک کے پالیسی اور پروگرام کے سربراہ (Mr. William Affif) سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور ایک زرعی ملک اور خوردنی اشیاء کی پیداوار اطمینان بخش ہے تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ متوازن اور معیاری خوراک کی ہر شخص کو فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں ہمارے محدود وسائل کے پیش نظر بین الاقوامی اداروں کا فعال تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پیداوار اور عوامی ضروریات کے مابین توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے،دریں اثناء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالامال ہے لیکن بنیادی ڈھانچے، ضروری وسائل اور منصوبہ بندی کی کمی کے باعث بلوچستان کے وسائل کو بروئے کار نہیں لایا جاسکا ہے تاہم موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ دستیاب وسائل ، بیرونی تعاون اور افرادی قوت کو ترقی دے کر صوبے کے گرانقدر قدرتی ومعدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور اس طرح ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یو این ڈی پی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس میں یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر (Mr. Ignacio Artaza) اور صوبائی کوآرڈینیٹر ذوالفقار درانی شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی قلیل اور منشر ہے جس کی وجہ سے عوام تک بنیادی سہولتوں کی فراہمی مشکل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ گورنر نے غیر معمولی ترقیاتی عمل کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے صوبے کے اہم پہاڑی سلسلوں کو قومی پارک میں تبدیل کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان میں یو این ڈی پی کے پروگراموں میں بلوچستان کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا اور یہاں گورننس، ماحولیاتی تبدیلی اور معاشی ترقی کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان سے ریئر ایڈمرل عبدالعلیم (ہلال امتیاز) کمانڈر کھوسٹ نے علیحدہ ملاقات کی۔