|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2017

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں صوبے کے ایک اعلیٰ آفیسر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے میاں غندی میں کاسی عوام کی آبائی زمینوں سے متصل شاملات پر حکومتی فورسز کے ذریعے قبضہ کرنے اور فائرنگ کرکے ارباب اسلم کاسی کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک عرصے سے صوبے کے بیوروکریسی کے اعلیٰ آفیسر جو اب ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کے عہدے پر تعینات ہے نے ہزارگنجی اور میاں غنڈی میں عوام کے آبائی زمینوں اور ان کی شاملات پر قبضے کا سلسلہ سرکاری طاقت اور فورسز کے ذریعے شروع کررکھا ہے اور گزشتہ روز میاں غنڈی میں موضع السادات ،خوشکابہ اور تپہ شادینزئی میں کاسی عوام کے آبائی زمینوں سے متصل شاملات پر قبضے کرنے کی غرض سے مذکورہ آفیسر نے اپنی موجودگی میں سرکاری فورسز کے ذریعے وہاں کے عوام پر فائرنگ کی جس میں ارباب اسلم کاسی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے ،بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی میں بار بار عوام کی آبائی زمینوں اور شاملات پر حکومتی اداروں سمیت کسی بھی شخص یا گروہ کے قبضے کو مسترد کرتے ہوئے عوام کی ملکیت کو تسلیم کرنے کی کئی قراردادیں منظور کیئے ہیں لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک اور قابل گرفت ہے کہ اعلیٰ حکومتی آفیسر خود قانون اور اسمبلی کے فیصلوں کے برخلاف عوام کی زمینوں پر سرکاری طاقت اور حیثیت کو استعمال کرکے قبضوں میں مصروف ہے اور فورسز کے ہمراہ خود موقع پر اشتعال انگیزی اور قبضہ گری کی کاروائیوں میں ملوث ہے ،بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے چیف سیکرٹری کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری آفیسر کی جانب سے عوام کی زمینوں پر قبضے اور ان کے ذاتی سیکورٹی پر مامو ر فورسزکو قبضے کے لیے استعمال کرنے کے غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کا فوری نوٹس لیکر ارباب اسلم کاسی پر فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کاررائی کریں اور سرکاری آفیسر کو قانون ہاتھ میں لیکر زمینوں پر قبضے اور سرکاری حیثیت کے غلط استعمال سے روکیں۔