کوئٹہ: کوئٹہ اور پنجگور میں ایف سی اور حساس اداروں نے آپریشن رد الفساد کے تحت مشترکہ کارروائیوں کے دوران 33مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواداور اسلحہ برآمد کرکے کالعدم تنظیم کے تین ٹھکانے بھی مسمار کردیئے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ایف سی اور حساس ادارے نے کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں دہشتگردوں کے کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور دہشتگردوں کے زیر استعمال تین ٹھکانوں کو مسمار کرکے وہاں سے تین کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، مواصلاتی آلات اور دیگر تخریبی مواد برآمد کرلیا۔ ایک اور کارروائی ضلع پجگور کے علاقے گچک میں کی گئی جہاں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں تیس مشتبہ افراد کوگ رفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور سینکڑوں کارتوس برآمد کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔