کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ادویات سازی اور اس کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 3ادویہ ساز کمپنیوں اور 2میڈیکل سٹورز مالکان کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملزمان کوگرفتارکرکے عدالت میں پیش کرے ۔ڈرگ کورٹ نے ادویہ ساز کمپنی سٹین لے فارما اورامین میڈیکل سٹورکے مالکان اوردیگرپر فرد جرم عائد کردی جس سے انہوں نے انکار کیا گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں غیر معیاری ،نان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کی ادویات اور اس کی فروخت میں نامزد کمپنی راسکو ہ فارما کے مقدمے میں نامزد ملزمان محمد رشیدسجاد ،حفیظ محمدا قبال اورمحمد افضل کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ اور ضامن کو نوٹس جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ،عدالت نے فرینڈز فارما میڈیسن کمپنی کیس میں نامزد ملزمہ شبانہ ملک کے قابل ضمانت جبکہ ندیم ظفر اور محراب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بھی احکامات دئیے اس کے علاوہ مسز انکاز فارما کیس میں نامزد ملزمان اکبر علی اور صفدر عالم کے بھی عدم پیشی کے باعث ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔ادویہ ساز کمپنیوں کے علاوہ احرار میڈیکل سٹور کے محمد طاہر اور پنجاب میڈیکل سٹور کے گلزار امین اور محمد حفیظ کھوسہ کے بھی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے کے باعث ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ،گزشتہ روزڈرگ کورٹ میں ادویہ ساز کمپنی سٹین لے فارما کیس میں نامزد ملزمان برضمانت سید عبداللہ شاہ ،مفتی ابو طارق اور عمران خان سماعت کے موقع پرپیش ہوئے تو عدالت میں انہیں فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس سے انہوں نے انکار کیا بعدازاں مقدمہ کی سماعت ملتوی کرکے اگلی سماعت پر شہادت کیلئے کیس کو رکھا گیا اس کے علاوہ امین میڈیکل سٹورژوب کے مالک جمعہ رحیم کو بھی سماعت کے دوران فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس سے انہوں نے انکار کیا بعدازاں سماعت کو ملتوی کردیا گیا۔درجن سے زائد اور کیسز میں گواہان استغاثہ کے بھی بیانات قلم بند کرلئے گئے ہیں۔