کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے وفد نے عبدالخالق ہزارہ کی قیادت میں ملاقات کی دونوں سیاسی رہنماوں نے بلوچستان و ملک کی سیاسی صورتحال ،ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے سیاسی رابطوں کو مزید بڑھانے اور مستحکم کرنے پر زوردیا سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جو جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی و حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایچ ڈی پی کے ساتھ ایک مضبوط سیاسی تعلق و رشتہ ہے جسے ہر صورت برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور ایچ ڈی پی کی قیادت بھی انتہائی سنجیدہ سیاسی رہنماؤں پر مشتمل ہے جو بلوچستان کے سیاسی و قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ ایچ ڈی پی کے ساتھ سیاسی رستے کو مزید استحکام دیں اور بدلتے حالات پر مختلف موقعوں پر آپس میں سیاسی تبادلہ خیال کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارا مشترکہ وطن ہے اس کی ترقی و خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کو درپیش دہشت گردی اوردیگر مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے ہم نے انتہائی اہم اقدامات بھی اٹھائے ۔ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ اپنے دوراقتدار میں سب کچھ درست کردیا لیکن بڑی حد تک حالات پر قابو پانے میں ہم کامیاب ہوئے اس کامیابی میں ایچ ڈی پی کی قیادت نے بھی ہمارا بھر پور انداز میں ساتھ بھی دیا دونوں سیاسی رہنماوں نے آئندہ آنے والے انتخابات کے حوالے سے سیاسی معاملات ،الیکشن میں مشترکہ حکمت عملی اور موقف اپنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اوراس عمل کو جاری رکھنے پر زوردیا۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ بلوچستان یہاں ہر بسنے والی اقوام کا مشترکہ گھر اور وطن ہے ہمیں بلوچستان کے قومی و سیاسی ایشوز پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ایچ ڈی پی ایک جمہوری و سیاسی جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت کے استحکام اور قوموں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں اپنا کردار جمہوری و سیاسی انداز میں ادا کر ر ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی قیادت کو بلوچستان میں سیاسی یکجہتی کے حوالے سے اپنا کردارادا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ سیاسی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارا وطن ہے اوراس وطن میں قانون کی حکمرانی و بالادستی اورا من و امان کو بہتر کرنے اورسیاسی عمل کو جمہوری انداز میں آگے بڑھانے کیلئے ایچ ڈی پی کی قیادت اپنا سیاسی کردار ادا کریگی ۔دونوں سیاسی رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاست میں موجود منفی رجحانات ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرنے کی بجائے احترام و یکجہتی کے عمل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے سیاسی جماععتوں میں موجود برداشت کے فقدان اور ایک دوسرے کیلئے احترام کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان جان بلیدی ،سینیٹر کبیر محمد شہی ، وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ اور خیر جان بلوچ جبکہ ایچ ڈی پی کے رضا وکیل ، مرزا ہزارہ ،یونس چنگیزی ،اسماعیل چنگیزی اور بوستان کشتمند بھی موجود تھے۔