|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2017

نوشکی: کلی نیام بیلہ کے ممتاز قبائلی وسیاسی رہنماء ملک دوست محمدجمالدینی نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ پرائمری سکول کلی نیام بیلہ کے ٹیچر نے معصوم طلباء پر مظالم کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں،طلباء پر وحشیانہ تشد د کے زریعے متعدد طلباء کو تعلیم خیرباد کرنے پر مجبور کردیاہے،گزشتہ روز بھی معصوم طالب علم پر شدید تشدد کیا ہے جس کے باعث معصوم طالب علم کے والدہ کو دل کا دورہ پڑا اور انہیں ایمرجنسی میں سول ہسپتال لانا پڑا،انہوں نے کہاکہ مذکورہ ٹیچر کو متعدد دفعہ تنبیہ کرنے کے باوجو د طلباء پر ڈنڈا اور غیر انسانی تشدد کرنے سے باز نہیں آئے ہیں،اور کلی کے پرائمری سیکشن طلباء کو غیر انسانی تشدد کا نشانہ بناکر طلباء کو تعلیم سے دور کررہے ہیں،مذکورہ ٹیچر انسانیت اور اساتذہ کے نام پر دھبہ بن چکے ہیں جسکی ہم اہلیان کلی نیام بیلہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اساتذہ طلباء کے روحانی باپ ہوتے ہیں مگر مذکورہ ٹیچر انسانیت اور اساتذہ کے کردار سے مکمل دور ہیں جبکہ محکمہ تعلیم کے حکام نے بھی مکمل خاموشی سادھ لی ہے ،جس کے باعث مذکورہ ٹیچر کے طالب علموں پر تشدد میں اضافہ ہورہاہے،انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں ڈنڈا پر مکمل پابندی کے باوجود مذکورہ ٹیچر تمام احکامات پس پشت ڈال کر من مانی پر اتر آئے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیاکہ مذکورہ ٹیچر کے مظالم کا فوری نوٹس لیکر ظالم ٹیچر کا فوری تبادلہ کیاجائے بصورت دیگر اہلیان کلی نیام بیلہ سکول کی بندش پر مجبور ہوجائیں گے اور تمام تر صورتحال کی زمہ داری محکمہ تعلیم کے آفیسران پر عائد ہوگی۔