|

وقتِ اشاعت :   April 30 – 2017

کوئٹہ: وکلاء اور ہادی شکیل پینل کے مشترکہ امیدوار شاہ محمد جتوئی 372ووٹ لیکر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے۔ جبکہ ان کے مد مقابل پروفیشنل پینل کے ثناء اللہ ابابکی کو 358ووٹ ملے۔ جنرل سیکریٹری کے عہدے پر پروفیشنل پینل کے نادر چھلگری ایڈووکیٹ کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے وکلاء اور ہادی شکیل پینل کے امیدوار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کو صرف دو ووٹوں سے شکست دی۔ نادر چھلگری کو 363 ووٹ ملے۔ سینئر نائب صدر، جوائنٹ سیکریٹری ، فنانس سیکریٹری اور لائبریری سیکریٹری کے تمام عہدوں پر پروفیشنل پینل کے امیدواروں کو کامیابی ملی۔ سینئر نائب صدر اقبال کاسی ، جوائنٹ سیکریٹری عابد پانیزئی، فنانس سیکریٹری امین اللہ غرشین اور لائبریری سیکریٹری کے سیکریٹری کے عہدے پر وجاہت خان غزنوی کامیاب قرار پائے۔ نائب صدر برائے ژوب زون کی نشست پر وکلاء اور ہادی شکیل پینل کے مشترکہ امیدوار صمد خان مندوخیل نے کامیابی سمیٹی۔نائب صدر کوئٹہ زون کے عہدے پر کرم خان بازئی ، نائب صدر مکران زون ماجد خان اور نائب صدر نصیرآباد سبی زون پر صابر علی جمالی منتخب ہوئے۔آخری الذکر تینوں نائب صدور کا تعلق پروفیشنل پینل سے ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک بلوچستان ہائی کورٹ بار کیلئے پولنگ ہوئی۔ انتخابی عمل کی نگرانی ریٹرنگ آفیسر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن راشد محمود نے کی۔ جبکہ ڑوب، نصیرآباد اور مکران ڈویڑن میں بھی صبح نو سے شام پانچ بجے تک ریٹرنگ آفیسرز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی نگرانی میں ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ کوئٹہ میں کل رجسٹر ووٹرز کی تعداد 560جبکہ صوبے بھر میں 872 تھی۔ انتخابات کے موقع پر وکلاء میں زبردست جوش خروش دیکھنے کو ملا۔ نتائج آنے کے بعد کامیاب امیدواروں اور حامیوں نے جشن منایا۔ پولنگ کے دوران سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بلوچستان کے انتخابات گزشت سال اگست میں ہونے تھے تاہم انتخابات سے صرف چند روز قبل 8اگست 2016ء کو سول اسپتال خودکش دھماکا ہوا جس میں بلوچستان کے 54 وکلاء شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اس کے بعد انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔