|

وقتِ اشاعت :   April 30 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے قریب بم دھماکے سے بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کے دو کھمبوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ جبکہ متاثرہ دو کھمبوں سمیت 132اور220کے وی کے چار کھمبوں کی ٹانگوں پر نصب9عدد بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیئے ۔لیویز حکام کے مطابق مچھ کے علاقے بی بی نانی کے قریب جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تقریباً چار بجے زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ رات کو دھماکے سے متعلق معلوم نہیں ہوسکا تاہم ہفتہ کی صبح لیویز اور ایف سی نے علاقے کا معائنہ کیا تو معلوم ہو اکہ کیسکو کے کوئٹہ سبی 132کے وی کھمبا نمبر245کے چاروں ٹانگوں پر بم نصب کئے گئے تھے ۔ چاروں بم دھماکے سے اڑادیئے گئے تھے اور اس کے نتیجے میں کھمبے کے دو ٹانگوں کو نقصان پہنچا۔جبکہ این ٹی ڈی سی کے دادو سبی کوئٹہ220کے وی ٹرانسمیشن لائن کے کھمبے نمبر184کی چاروں ٹانگوں پر بم نصب کئے گئے تھے جن میں سے تین دھماکے سے اڑائے گئے تاہم کھمبے کو جزوی نقصا ن پہنچا۔ جبکہ 132کے وی کے کھمبانمبر246پر نصب چار بم،220کے وی کے کھمبا نمبر184پر نصب ایک بم اور کھمبا نمبر185کی چاروں ٹانگوں پر نصب4بم برآمد کرلئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کچھی نے سبی سے بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کیا جس نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔برآمد ہونیوالے9عدد بم تقریباً2,2کلو وزنی تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹاور کی سیکورٹی پر تعینات سیکورٹی سپروائزر اور اس کی ٹیم کو فوری طور پر برطرف کردیا۔ لیویز کے مطابق دھماکوں سے بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔