|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2017

کراچی: )چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے کہاہے کہ پاک بحریہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تکمیل کے بعد بحر ہند میں درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ایک خصوصی انٹرویو میں نیول چیف نے کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والی تجارت سے پاکستان بحریہ کا معیار اور بلند ہوگا اور پاک بحریہ سمندری راہداریوں کو سیکیورٹی کی فراہمی اور میری ٹائم ٹریفک کے بہاؤ کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے بلاتعطل بحری سرگرمیوں کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو درپیش سمندری خطرات سے بچانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس 88 قائم کی گئی تھی اور یہ فورس گوادر کی بندرگارہ کو روایتی اور غیر روایتی خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی۔ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا کہ سی پیک پاک بحریہ کے دائرہ کار کی اہمیت کو کئی گنا بڑھادے گا لہذا ہم اپنی افرادی قوت کی صلاحیتوں اور وسائل میں اضافے پر کام کررہے ہیں اور ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے ساتھ جوائنٹ ٹاسک فورسز کے لیے اشتراک بھی کررہے ہیں۔